نئی دہلی، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بین الاقوامی سیاحت کے ایک منبع مارکیٹ کے طور پر ہندوستان کی اہمیت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جیسا کہ اسکفٹ انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2008 سے 2019 کے درمیان بین الاقوامی سفری اخراجات میں سالانہ 17 فیصد کا اضافہ ہوا، جو کہ مجموعی عالمی سیاحت کی نمو سے 4 گنا زیادہ ہے۔ اسکفٹ نے 2027 کے لیے 2019 کے مقابلے میں مزید 230 فیصد اضافے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے نتیجے میں ہندوستان عالمی سیاحت کے سرفہرست 5 منبع بازاروں میں شامل ہونے کی توقع رکھتا ہے۔
جرمن نیشنل ٹورسٹ بورڈ منظم طریقے سے برصغیر میں اپنا مارکیٹ کی سرگرمیوں کو بڑھا رہا ہے تاکہ ہندوستانی آؤٹ باؤنڈ مارکیٹ کی تیز رفتار ترقی میں حصہ لینا جاری رکھا جا سکے۔
بورڈ کے سی ای او پیٹرا ہیڈوفر نے منگل کو یہ معلومات دیتے ہوئے کہاکہ ہم ۲؍ دہائیوں سے سیلز ایجنسی کے ساتھ ہندوستانی مارکیٹ پر کام کر رہے ہیں۔ ۲۰۱۵ء میں ہم نے پہلی بار انڈیا پول کا آغاز کیا، جو ہندوستان میں جرمن شراکت کی سرگرمیوں کی حمایت کرنے میں انتہائی کامیاب رہا ہے۔ جرمنی میں ہندوستانی مہمانوں کے رات میں قیام کی تعداد ۲۰۱۹ء میں ۶۹۳۰۰۰؍ سے تقریباً۴۰؍ فیصد بڑھ کر۹۶۲۰۰۰؍ ہوگئی۔ انڈیا پول کے نئے ایڈیشن اور مارکیٹ کی مخصوص سرگرمیوں کے ساتھ، ہم ہندوستانی مسافروں کی مانگ اور جرمنی میں سیاحت کی پیشکش کے درمیان ایک پل بنا رہے ہیں۔ بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر - خاص طور پر تکنیکی ترقیات - ہم اگلے موسم بہار میں بورڈ انڈیا ڈجیٹل ٹریول نالج ٹور کے ساتھ مل کر جرمن ٹریول انڈسٹری کے اعلیٰ منیجرس کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے دورے کا بھی اہتمام کر رہے ہیں۔ ‘‘
انہوں نے کہا کہ ہندوستان سے جرمنی جانے والے مسافروں کی آمد میں کئی برسوں سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا وبا کے خاتمے کے بعد ۲۰۲۳ء میں ہندوستانی مہمانوں نے۸؍ لاکھ ۲۶؍ ہزار راتیں ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسیز میں گزاریں جو ۲۰۲۲ء کے مقابلے میں ۳۳؍ فیصد زیادہ ہیں۔ ۸۶؍فیصد کی ریکوری کی شرح کے ساتھ، ہندوستانی بازار دیگر تمام ایشیائی ممالک کے مقابلے میں کووڈ وبائی مرض سے بہت تیزی سے نکل رہا ہے۔ سیاحتی معیشت نے اس دہائی کے آخر تک ہر سال ہندوستان سے جرمنی میں ۱ء۶؍ ملین رات قیام کا تخمینہ لگایا ہے۔ ہندوستانی بازار قدر پیدا کرنے کے معاملے میں بھی امید افزا ہے۔ آئی پی کے انٹرنیشنل کے مطابق۲۰۲۳ء میں جرمنی میں تمام ہندوستانی سیاحوں کا مجموعی کاروبار ۹۰؍ کروڑ یورو تھا۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی جدت اور بین الاقوامی ٹریول انڈسٹری کے ساتھ نیٹ ورکنگ وفد کے دورے کا بنیادی موضوع ہے۔ جرمن ٹریول انڈسٹری کے سی ای او دہلی، بنگلورو اور ممبئی میں بصیرت مند ہندوستانی ٹیک اور ٹریول کمپنیوں سے ملاقات کریں گے۔ وہ ہندوستانی ٹارگٹ گروپ کی مخصوص ضروریات اور موجودہ رجحانات کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل کریں گے، جس کی خصوصیت مارکیٹ میں تیزی سے ڈجیٹل تبدیلی ہے۔ مزید برآں، ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون شروع کرنے کے مواقع موجود ہیں تاکہ جرمنی میں آنے والی سیاحت کیلئے اس متحرک مارکیٹ کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔